نگران وزیرِاعلی پنجاب کی تقرری، ن لیگ کے اعتراضات مسترد

Last Updated On 07 June,2018 06:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب کی تقرری پر مسلم لیگ (ن) کے اعتراضات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلہ میرٹ پر کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے نگران وزیرِاعلی پنجاب حسن عسکری کی تقرری پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اعتراضات اور ان کے نام پر نظرِ ثانی کا مطالبہ بھی مسترد کر دیا ہے۔

دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قومی ادارہ کسی کی ایما پر نہیں بلکہ میرٹ پر فیصلے کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا تقرر، نون لیگ نے تحفظات کا اظہار کر دیا

الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ قومی ادارے پر پر بے جا تنقید کسی صورت مناسب نہیں، نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب کے تقرر کیلئے سیاسی جماعتیں فیصلہ کرنے میں ناکام ہوئیں تو الیکشن کمیشن نے آئین کے تحت فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر حسن عسکری نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے تقرر پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انھیں فوری طور پر یہ عہدہ قبول نہ کرنے کا کہا تھا۔