عام انتخابات: کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 3 روز کی توسیع

Last Updated On 08 June,2018 12:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں تین روز کی توسیع کر دی۔ اب 11 جون تک فارم جمع کرائے جاسکیں گے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق، تاریخ میں توسیع سیاسی جماعتوں کی سہولت کے لیے کی گئی، پہلے آخری تاریخ 8 جون تھی۔ کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے لیے مخصوص نشستوں پر ترجیحی فہرستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ بھی 11 جون مقرر کردی۔ شیڈول میں ردوبدل سے پولنگ کی تاریخ متاثر نہیں ہو گی اور الیکشن 25 جولائی کو ہی ہوں گے۔

دوسری جانب ملک بھر میں مزید سیکڑوں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے۔ مختلف ذرائع سے حاصل اعدادو شمار کے مطابق جمعرات تک سندھ بھر میں 6 ہزار سے زائد کاغذات نامزدگی جاری اور 2 ہزار سے زائد جمع ہو چکے ہیں۔ کراچی میں قومی و صوبائی اسمبلی کی 117 نشستوں کے لیے اب تک 2 ہزار سے زائد کاغذات جاری اور 400 سے زائد کاغذات جمع کرائے گئے ہیں۔ پنجاب میں بھی انتخابی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ لاہور میں قومی اسمبلی کی 14 نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 500 سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے، جب کہ 30 سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔

اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی تین نشستوں پر کاغذات نامزدگی 176 امیدواروں نے وصول کیے، این اے 54 میں پی ٹی آئی کے اسد عمر، پیپلزپارٹی کے عمران اشرف، (ن) لیگ کے ملک حفیظ الرحمن ٹیپو، جماعت اسلامی کے میاں محمد اسلم سمیت 8 امیدواروں، جب کہ این اے 52 سے بھی 8 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔ حلقہ این اے 53 اسلام آباد تھری سے پیپلزپارٹی کے سبطین حیدر، شہزاد آصف جاوید، جاوید اختر، رضوان عزیز، میاں محمد اسلم، چوہدری فیصل ذوالفقار نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔