لاہور: (دنیا نیوز) یوسف گیلانی، خورشید شاہ، غلام مصطفیٰ کھر، فیصل صالح حیات، حنا ربانی کھر، مراد علی شاہ اور زاہد خان نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے، ایاز صادق این اے 133 سے بھی امیدوار، جمشید دستی ڈی جی خان کے دو حلقوں سے بھی الیکشن لڑیں گے۔
ملک بھر میں کاغذاتِ نامزدگی حاصل کرنے اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی نے این اے 158 ملتان، خورشید شاہ نے این اے 206 پنو عاقل، غلام مصطفیٰ کھر نے این اے 181، بلیغ الرحمن نے این اے 170 بہاولپور، فیصل صالح حیات نے این اے 114 جھنگ سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے این اے 133 سے بھی نامزدگی فارم حاصل کر لئے۔ جمشید دستی کا ایک بار پھر انوکھا انداز اپنایا اور گدھا گاڑی پر حامیوں کے ساتھ جھاڑو اٹھائے ڈی جی خان میں ریٹرننگ افسر کے آفس پہنچے۔ سابق ایم این اے نے این اے 189 اور این اے 190 سے بھی کاغذات جمع کرا دئیے۔ حنا ربانی کھر اور ان کے والد نور ربانی کھر نے این اے 182 اور 183سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
فیصل آباد سے ن لیگ نے سات حلقوں سے امیدوار فائنل کر لئے ہیں۔ طلال چودھری، این اے 102، رانا ثنا اللہ این اے 106 اور عابد شیر علی این اے 108 سے قسمت آزمائی کریں گے۔
مراد علی شاہ پی ایس 80 سیہون شریف سے الیکشن لڑیں گے۔ ایم کیو ایم رہنما سردار احمد نے پی ایس 97 اور متحدہ مجلس عمل کے رہنما حافظ نعیم الرحمن نے پی ایس 130 سے کاغذات جمع کرائے۔
زاہد خان نے این اے 6 سے نامزدگی فارم جمع کرایا۔ این اے 29 سے شاہ فرمان، این اے 27 سے نور عالم خان پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے۔ بلوچستان این اے 259 سے میر بالاچ ڈومکی اور میر باز محمد کھیتران نے کاغذات جمع کرائے۔
جعفر آباد میں جمالی خاندان آمنے سامنے ہے۔ این اے 261 سے خان محمد جمالی اور چنگیز جمالی نے کاغذات جمع کرا دئیے جبکہ اختر مینگل پی بی 40 سے الیکشن لڑیں گے۔