فیصل آباد ٹکٹوں کی تقسیم پر کھلاڑی سراپا احتجاج، بنی گالا میں بھی مظاہرہ

Last Updated On 09 June,2018 06:24 pm

فیصل آباد/ بنی گالہ: (دنیا نیوز) ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراض کھلاڑیوں کی بنی گالا میں نعرے بازی، گجرانوالہ اور فیصل آباد میں بھی کارکن سراپا احتجاج۔

پاکستان تحریک انصاف کے کھلاڑی اپنی پارٹی فیصلے کے خلاف ضلع کونسل چوک میں سراپا احتجاج بن گئے، پی پی 107 کے رضا نصراللہ گھمن کو پارٹی ٹکٹ دینے کے خلاف کھلاڑی سڑکوں پر آ گئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان سے اپیل ہے کہ پی پی 107 کے رضا نصراللہ گھمن کو فوری پارٹی ٹکٹ سے برطرف کیا جاۓ۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے ضلع کونسل چوک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔


دوسری جانب پی ٹی آئی کے پارلیمانی بورڈ نے صابر راجہ کو راولپنڈی کے حلقے سے چودھری نثار کے مقابلے ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا۔ جس پر صابر راجہ نے کارکنوں کے ہمراہ بنی گالہ میں احتجاج شروع کر دیا۔ کارکنوں نے پارلیمانی بورڈ کا فیصلہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بورڈ نے میرٹ پر فیصلہ نہیں کیا اسے واپس لیا جائے۔

گوجرانوالہ میں بھی پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکنوں نے پریس کلب کے باہر ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم پر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے ٹکٹوں کی غلط تقسیم کیخلاف کارکنوں کی نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین نے حلقہ پی پی 59 میں پیراشوٹ امیدوار عارف جٹ نامنظور کے نعرے لگائے۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پانچ کروڑ روپے کے عوض عارف جٹ کو پارٹی ٹکٹ فروخت کیا جا رہا ہے۔ ایک ہفتہ قبل شمولیت کرنیوالے امیدوار کو ٹکٹ دیا گیا تو بائیکاٹ کریں گے۔