تحریک انصاف میں ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات

Last Updated On 10 June,2018 09:27 am

اسلام آباد (دنیا نیوز ) تحریک انصاف میں کھلاڑی ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے، پشاور میں ورکرز اتحاد کے تحت الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا، ناراض کارکنوں نے بنی گالہ میں کپتان کی رہائش کے باہر دھرنا دیا۔

کئی شہروں میں مظاہرے، لندن میں بھی احتجاج کیا گیا، نئے آنے والوں کو ٹکٹ مل گئے، پرانے منہ تکتے رہ گئے، تحریک انصاف کے کارکن قیادت کی ناانصافی پر ناراض ہوگئے، پشاور میں ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف کھلاڑیوں نے فیز تھری چوک میں ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔ ارباب نجیب کے حامیوں نے ٹکٹ نہ ملنے پر قیادت کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس سے پہلے کارکنوں نے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائشگاہ کے باہر دھرنا دیا اور ٹکٹوں کی مبینہ بندر بانٹ کے خلاف نعرے بازی کی۔

این اے انسٹھ سے چودھری نثار کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کے خواہشمند اجمل صابر راجا نے بھی ٹکٹ نہ ملنے پر احتجاج کیا۔ فیصل آباد کے ضلع کونسل چوک میں کارکنوں نے احتجاج کیا، پی پی 107 میں رضا نصراللہ گھمن کو ٹکٹ دینے پر نعرے بازی کی، کارکنوں نے کپتان سے مطالبہ کیا کہ رضا نصراللہ گھمن سے پارٹی ٹکٹ واپس لیں۔

گوجرانوالہ پریس کلب کے باہر پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکن احتجاجاً مرغے بن گئے اور پی پی 59 امیدوار عارف جٹ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ کمالیہ سے ریاض فتیانہ کے بیٹے احسن ریاض فتیانہ نے این اے 103 سے ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔ این اے 113 سے ریاض فتیانہ اور پی پی 122 سے آشفہ ریاض حصہ لیں گی۔
 

Advertisement