انتخابی دنگل میں اترنے والے سابق صدور اور وزرائے اعظم

Last Updated On 10 June,2018 08:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ہر طرف انتخابی گہما گہمی عروج پر ہے، ایسے میں منجھے سیاست دان میدان سے باہر کیسے رہ سکتے ہیں، اسی لئے سابق صدور اور سابق وزرائے اعظم بھی اکھاڑے میں اتریں گے۔

25 جولائی کے عام انتخابات میں ملک کے سابق حکمران بھی پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں۔ سابق وزرائے اعظم میں دو پیپلز پارٹی، ایک مسلم لیگ (ن)، ایک مسلم لیگ (ق) اور ایک آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

سابق وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف پیپلز پارٹی کی جانب سے الیکشن لڑنے کو تیار ہیں جبکہ نواز لیگ کے شاہد خاقان عباسی راولپنڈی سے میدان میں اتریں گے۔

ق لیگ کے سربراہ اور سابق وزیرِاعظم چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الہیٰ گجرات اور میر ظفر اللہ جمالی جعفر آباد سے قومی اسمبلی کے آزاد امیدوار ہوں گے۔ سابق وزیرِاعظم نواز شریف سپریم کورٹ سے نااہل ہونے کے باعث انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔

سابق صدر آصف زرداری نے قومی اسمبلی کی نشست این اے دو سو چھیالیس سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ سابق صدر پرویز مشرف کراچی کے حلقہ این اے دو سو سینتالیس سے الیکشن لڑنے کو تیار ہیں۔
 

Advertisement