اسلام آباد: (دنیا نیوز) فاٹا کے خیبرپختونخوا میں ضم ہونے کے بعد متحدہ قبائل پارٹی نے فاٹا کی صوبائی نشستوں پر عام انتخابات اسی سال کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کے نام خط میں کہا گیا ہے کہ قبائلی عوام کو وفاقی اور صوبائی سطح پر قانون سازی کرنے کا حق دیا جائے۔
متحدہ قبائل پارٹی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ فاٹا کی عوام کو 2019ء کے بجائے عام انتخابات 2018ء میں صوبائی اور قومی اسمبلی کے نمائندوں کا انتخاب کاحق دیا جائے، 2019ء میں فاٹا کی صوبائی نشستوں پر انتخاب تمام صوبائی سسٹم اور حکومت پر اثر انداز ہو گا۔ فاٹا کی عوام کو عام انتخابات 2018ء کا حصہ بنایا جائے تا کہ وہ اپنے نمائندے منتخب کر سکیں۔ 31 ویں آئینی ترمیم کے تحت فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے باہر متحدہ قبائل فاٹا کے عمائدین نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔