الیکشن 2018ء: ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد

Last Updated On 13 June,2018 08:34 pm

کراچی: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن سے متعلق محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے رجسٹریشن کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

 

ممبر الیکشن کمیشن سندھ عبدالغفارسومرو کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ ملی مسلم لیگ کے وکیل نے موقف اپنایا کہ وفاقی حکومت کسی بنیاد پر سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کی مخالفت نہیں کر سکتی۔ کوئی بھی یہ پیشگوئی نہیں کر سکتا کہ کسی جماعت کے مستقبل میں کالعدم تنظیم سے تعلقات ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملی مسلم لیگ کے سربراہ سیف اللہ خالد کا حافظ سعید سے کوئی تعلق نہیں، مسلم لیگ ن کو ملی مسلم لیگ سے ذاتی عناد ہے، ن لیگ کے سابق سربراہ چند ممالک سے قریبی تعلقات کے باعث ہماری جماعت کے مخالف تھے۔ بھارت نہیں چاہتا کہ ملی مسلم لیگ قائم اور رجسٹر ہو۔

وکیل کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ تاہم الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے پر ملی مسلم لیگ کی طری سے رجسٹرڈ کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔