پی ٹی آئی کا چیئرمین نادرا کیخلاف الیکشن کمیشن جانے کا فیصلہ

Last Updated On 17 June,2018 08:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف نے چیئرمین نادرا کے خلاف الیکشن کمیشن جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ عمران خان نے اس بارے میں پارٹی قائدین کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

دنیا نیوز کے ذرائع کے مطبق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے نادرا چیئرمین کو ہٹانے کے لیے پیٹیشن تیار کر لی ہے جس کے بارے میں بابر اعوان نے عمران خان کو بریف کیا۔

پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا ہے کہ چیئرمین نادرا نے مسلم لیگ (ن) کو الیکشن جیتنے میں مدد کے لیے ڈیٹا فراہم کیا تھا، اس لیے انھیں عہدے سے ہٹایا جائے۔ پٹیشن کے متن میں کہا گیا ہے کہ چیئر مین نادرا کو ن لیگ نے تعینات کیا تھا، اس لیے ان کی مودجودگی میں شفاف الیکشن نہیں ہو سکتا۔

ادھر بابر اعوان نے بھی چیئرمین نادرا کیخلاف پٹیشن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے جلد ہی الیکشن کمیشن میں دائر کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پی ٹی آئی کی جانب سے عائد الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے پر کرپشن کے الزامات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔

قومی ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ الیکشن کے معاملات میں نادرا کا کردار بہت محدود نوعیت کا ہوتا ہے، ہماری جانب سے الیکشن کمیشن کو آئین اور قانون کے مطابق صرف تکنیکی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ نادرا کی جانب سے کسی بھی سیاسی جماعت کو ڈیٹا فراہم نہیں کیا گیا۔