’پی ٹی آئی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خبریں بے بنیاد‘

Last Updated On 17 June,2018 10:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف اور چودھری نثار علی خان کے ترجمان نے ایک دوسرے کے ساتھ کسی بھی قسم کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔

دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ چودھری نثار کیساتھ کسی قسم کی سیٹ ایڈجسٹمسٹ نہیں کی، اس حوالے سے ہر قسم کی اطلاعات غیر حقیقی، فرضی اور بے بنیاد ہیں۔

فواد چودھری نے واضح کیا کہ تحریکِ انصاف سینئر نائب صدر غلام سرور خان کو باضابطہ نامزد کر چکی ہے، چودھری نثار ہماری جماعت کا حصہ ہیں نہ ہی ان سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی۔ ہم ملک بھر میں اپنے ہی امیدوار کھڑے کریں گے، قیاس آرائیوں کی بجائے مصدقہ اور معتبر اطلاعات ہی نشر کی جانی چاہئیں۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تصدیق کے بغیر اس قسم کی اطلاعات کا فروغ افسوسناک ہے۔

دوسری جانب چودھری نثار علی خان کی جانب سے اس قسم کی خبروں کی سختی سے تردید جاری کی گئی ہے۔ سابق وزیرِ داخلہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، چودھری نثار کی کسی حلقے سے کوئی سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہو رہی اور نہ ہی اس سلسلے میں پی ٹی آئی سے کسی قسم کی بات چیت ہو رہی ہے، بہتر ہے ایسی خبروں کی تشہیر سے پہلے تصدیق کر لی جائے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے اطلاعات تھیں کہ چودھری نثار علی خان قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 63 اور این اے 59 کے علاوہ دو صوبائی حلقوں سے بھی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا ساتھ دینگے اور یہ کہ نئی سیاسی حکمتِ عملی کے تحت انہوں نے پی ٹی آئی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے مقامی بااثر سیاسی نمائندوں سے روابط تیز کر دیئے ہیں۔

بتایا گیا تھا کہ تحریکِ انصاف این اے 59 چکری سے چودھری نثار علی خان کا ساتھ دے گی جبکہ چودھری نثار این اے 63 ٹیکسلا سے تحریکِ انصاف کے امیدوار غلام سرور خان کو جتوانے میں مدد کریں گے۔ اسی طرح دو صوبائی نشستوں پی پی 10 اور پی پی 12 پر بھی ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔