اسلام آباد: (دنیا نیوز) کاغذات نامزدگی پر ریٹرنگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کے لیے الیکشن کمیشن نے ٹربیونلز قائم کر دئیے۔ امیدوار 22 جون تک اپیلیں دائر کر سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب کیلئے 8، خیبر پختونخواہ کیلئے 6، سندھ کیلئے چار جبکہ بلوچستان کیلئے 2 ٹربیونلز قائم کیے گئے ہیں۔ امیدوار 22 جون تک ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کر سکیں گے۔ ایپلٹ ٹربیونلز 27 جون تک ان اپیلوں کو نمٹائیں گے۔
دوسری جانب عید کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد ملک بھر میں امیدواروں کی سکروٹنی کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔ الیکشن کمیشن سکروٹنی سیل نے ریٹرننگ افسران کو تمام امیدواروں کی تفصیلات فراہم کر دی، کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں سے 11 فیصد امیدوار نادہندہ ہیں، ریٹرننگ افسران کو 122 امیدواروں کی دوہری شہریت سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ، اسی طرح پی ٹی سی ایل کے 1500 ڈیفالٹر امیدواروں کی فہرست بھی بھجوائی گئی ہے۔
ریٹرننگ افسران کو 383 بنکوں کے ڈیفالٹرز اور ایس این جی پی ایل کے 310 ڈیفالٹر امیدواروں کی فہرست بھی بھجوائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، کل 21 ہزار امیدواروں میں سے 2300 سے زائد کے کاغذات نامزدگی انتہائی مشکوک ہیں۔ ریٹرنگ افسران آج اور کل امیدواروں کی اہلیت نااہلیت کے فیصلے کرینگے۔