لاہور: (دنیا نیوز) خواجہ سعد رفیق 17 کروڑ 84 لاکھ روپے اثاثوں کے ساتھ ساتھ کئی کنال اراضی کے بھی مالک ہیں لیکن 3 برسوں میں انکم ٹیکس صفر ہے، تفصیلات منظر عام پر آگئیں۔
الیکشن کمیشن میں فراہم سابق وزیر ریلوے سعد رفیق کےاثاثوں کی تفصیلات دنیا نیوز سامنے لے آیا۔ سعدرفیق اور بھائی سلمان رفیق ایک لاکھ 25 ہزار روپے مالیتی گھر کے مالک ہیں، ڈی ایچ اے فیز ٹو میں واقع گھر کی مالیت 4 کروڑ 82 لاکھ روپے ہے۔ سعد رفیق لاہور کینٹ میں 3 کروڑ 46 لاکھ روپے مالیت کی 16 کنال اراضی کے مالک ہیں، لاہور کینٹ میں ہی مزید 16 کنال اراضی کی قیمت 3 کروڑ 45 لاکھ ظاہر کی گئی ہے۔
سعد رفیق نے سعدین ایسوی ایٹس کی مالیت 2 کروڑ 98 لاکھ روپے بیان کی اور ایک کروڑ 40 لاکھ روپے نقدی اور پرائزبانڈز ظاہر کیے۔ سابق وزیر ریلوے 15 لاکھ روپے بینک بیلنس، 25 لاکھ روپے مالیتی فرنیچر کے مالک ہیں، انہوں نے ایک کروڑ 15 لاکھ روپے کے شیئرز ظاہر کیے۔
سعدرفیق نے حلف نامہ میں 2 بیویاں غزالہ سعد رفیق اور شفق حرا جبکہ 2 بیٹیوں اور بیٹے کا ذکر کیا۔ 2015 میں 2 کروڑ 26 لاکھ آمدن اور 29 لاکھ روپے انکم ٹیکس، 2016 میں 2 کروڑ 99 لاکھ آمدن پر 39 لاکھ جبکہ 2017 میں 3 کروڑ 89 لاکھ روپے آمدن پر 52 لاکھ انکم ٹیکس ادا کیا۔
سعدرفیق نے 3 سال میں کوئی زرعی انکم ٹیکس ادا کیا اور نہ ہی آمدن کا بتایا، سابق وزیر ریلوے اپنے کزن کے 2 کروڑ 95 لاکھ روپے کے مقروض ہیں۔