لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا جس میں انہوں نے ریٹرنگ آفیسر غلام مرتضی پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے تبدیلی کا مطالبہ کر دیا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لاہور کے حلقہ این اے 129 کے ریٹرنگ آفیسر غلام مرتضی پر جانبداری کا الزام عائد کر دیا۔ چیف الیکشن کمشنر کے نام لکھے گئے خط میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریٹرنگ افیسر غلام مرتضی کو تبدیل کیا جائے ، آر او انکے سیاسی مخالف علیم خان کو سپورٹ کر رہے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ آر او برقرار رہے تو یہ قبل از انتخاب دھاندلی ہوگی، اس صورت وہ بطور احتجاج الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں اور آر او کے اعلان کردہ نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے خط میں واضح کیا ہے کہ مجھے ذاتی طور پر کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے بلایا گیا، جبکہ علیم خان کو استثنی دے دیا گیا، ہمارے احتجاج پر انہیں 19 جون کو بلایا گیا مگر علیم خان کو کہا گیا آپکے کاغذات منظور ہوچکے، آپ اپنی انتخابی مہم چلائیں۔
سردار ایاز صادق نے خط میں موقف اختیار کیا آر او نے کاغذات کی جانچ پڑتال کے دوران ان سے توہین آمیز سوال کیے گئے جن کا کاغذات کی جانچ پڑتال سےتعلق نہ تھا۔