این اے 95: آر او فیصلے پر عمران خان کی اپیل، الیکشن کمیشن کو نوٹس

Last Updated On 23 June,2018 11:08 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپیلٹ ٹربیونل میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں پر سماعت جاری ہے، این اے 95 میں الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دئیے گئے، شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے تیاری کیلئے وقت کی استدعا کر دی۔

این اے 95 میانوالی سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف سماعت ہوئی، عمران خان کی اپیل میں استدعا کی گئی کہ ریٹرنگ آفیسر نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے، فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ جس پر ٹربیونل نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دئیے، مزید سماعت 25 جون کو ہوگی۔

این اے57 سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف شاہد خاقان عباسی کی اپیل پر سماعت ہوئی، شاہد خاقان عباسی کے وکیل طاہر عباسی اپیلٹ ٹربیونل میں پیش ہوئے۔ سابق وزیراعظم کے وکیل نے عدالت سے تیاری کیلئے وقت دینے کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز کے پی پی 173 سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ اپیل کنندہ کا کہنا تھا کہ ریٹرنگ آفیسر نے حقائق کے برعکس مریم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کیے، اپیلٹ ٹربیونل نے اپیل ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔
 

Advertisement