اسلام آباد: (دنیا نیوز) عام انتخابات 2018 میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں کو سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے احکامات چیف سیکرٹریز کو بھجوا دیئے۔
الیکشن کمیشن نے مراسلے میں کہا ہے کہ امیدواروں کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی سکیورٹی فراہم کی جائے، ملک بھر کے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی کیمرے جلد لگائے جائیں، الیکشن کمیشن کے دفاتر، انتخابی عملہ کو بھی سکیورٹی دی جائے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران، اسٹنٹ ریٹرننگ افسران کو سکیورٹی دی جائے، عام انتخابات کے صاف شفاف انعقاد کے لئے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں۔