لاہور: (دنیا نیوز) چودھری نثار ن لیگ کی ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے یا نہیں؟ پارٹی قیادت اور سابق وزیر داخلہ دونوں کی طرف سے درمیانی راہ نکالی گئی ہے۔ ن لیگ نے چودھری نثار کو ٹکٹ تو نہیں دیا لیکن ان کے مقابلے میں دونوں حلقوں سے کوئی امیدوار بھی کھڑا نہیں کیا۔
ٹکٹ نہ ملنے کے معاملے پر ناراض چودھری نثار اور ن لیگ کی قیادت میں برف پگھلنے لگی۔ چودھری نثار ٹکٹ کی درخواست نہ دینے پر اصرار کرتے رہے، لیگی قیادت نے درخواست کے بغیر ٹکٹ نہ دی۔ سابق وزیر داخلہ نے اپنا فیصلہ کرتے ہوئے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔ لیگی قیادت نے چودھری نثار کے مقابلے میں کوئی بھی امیدوار کھڑا نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ ن لیگ کی طرف سے جاری لسٹ میں چودھری نثار کے دونوں حلقوں این اے 59 اوراین اے 63 سے ن لیگ کے کسی رہنماء کو ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ چودھری نثار قومی اسمبلی کے دو اور پنجاب اسمبلی کے دو حلقوں سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔
دوسری طرف راولپنڈی میں اپنے حلقہ کے علاقے چونترہ میں انتخابی مہم سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ مجھ پر کوئی مشکل وقت نہیں ہے، عوام ساتھ ہیں، کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ 34 سال علاقے کی خدمت کی، ساتھ دینے پر عوام کا شکر گزار ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے25 جولائی کوآپ سیاسی مسافروں کوبے یارومددگارروانہ کریں گے، پچھلی دفعہ ایک لاکھ 38 ہزاراس دفعہ ایک لاکھ72 ہزارووٹوں سے جیتوں گا۔