اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے سینئر وائس پریذیڈنٹ شاہ محمود قریشی نے جہانگیر ترین کے ساتھ اختلاف کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ان کی دل سے عزت کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین نے عمران خان اور پارٹی کا بھرپور ساتھ دیا، ان کا پارٹی میں اہم کردار ہے، ہماری پارٹی منشور تیار ہو چکا ہے۔ ان کے ساتھ مل کر پارٹی کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جہانگیر ترین ذاتی کام سے لندن گئے، واپس آ کر وہ زیادہ متحرک نظر آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے لوگوں میں شعور پیدا کیا۔ ہماری پارٹی کا منشور تیار ہو چکا ہے۔ غربت میں کمی لانا ہمارے منشور کا حصہ ہے۔ سندھ حکومت نے صوبے کیلئے کچھ نہیں کیا، پی ٹی آئی خوشحال بلوچستان کا بھی ایک پروگرام رکھتی ہے۔ ایسا پروگرام لائیں گے جس سے عام آدمی کی زندگی بہتر ہو۔
دوسری جانب خبریں ہیں کہ انتخابی ٹکٹوں پر شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کی لڑائی بنی گالہ کیمپ کیلئے دردِ سر بن گئی ہے، عمران خان نے لاکھ جتن کیے لیکن دونوں رہنماؤں کے درمیان سیز فائر نہیں کروا سکے۔
جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کی جانب سے اپنے اپنے دھڑوں کو سبقت دلانے کی کوششیں جاری ہیں۔ شاہ محمود، جہانگیر ترین پر من پسند افراد کو ”ان“ کرنے کا الزام اور سیاست کے کھیل سے آؤٹ ہونے کا طعنہ بھی سنا چکے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی کے مطابق لڑائی ذاتی نہیں بلکہ ٹکٹوں کی تقسیم کی ہے، عمران خان جو بھی فیصلہ کریں گے وہ قبول ہوگا۔ دوسری جانب جہانگیر ترین کا دعویٰ ہے کہ وہ گیم کا حصہ ہیں، پارٹی کی الیکشن مہم بھی چلا رہے ہیں۔