لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ لیگی امیدواروں کی گرفتاریوں نے شفاف انتخابات پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی گرفتاریوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کو تاثر ختم کرنا چاہیے کہ ن لیگ اس کے نشانے پر ہے، گرفتاریوں نے شفاف انتخابات پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کیخلاف نیب کی انتقامی کارروائیاں انتخابی مہم کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ آرٹیکل 218(3) کے تحت نیب کی کارروائیوں کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا فرض ہے کہ سیاسی جماعتوں کو آزادانہ انتخابی مہم کے یکساں مواقع دے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہماری خدمت کی سیاست کو جرم بنانا درست نہیں ہے۔ مسلم لیگ (ن) اس ملک کی مقبول ترین جماعت ہے، ہمیں عوام کے ساتھ رشتے پر فخر ہے۔ ماضی میں بھی ایسے ہتھکنڈوں کو عوامی عدالت کے فیصلوں سے ناکام بنایا۔ عوام کی عدالت مسلم لیگ (ن) کے خلاف جاری تمام ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دے گی۔ مجھے امید ہے کہ الیکشن کمیشن اس صورتحال کا فوری نوٹس لے گا۔
انہوں نے کہا کہ قمرالاسلام کی انتخابی مہم کے دوران گرفتاری قابلِ مذمت ہے۔ لیگی امیدواروں کیخلاف چھاپے اور گرفتاریوں کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔