ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین سے اختلاف نہیں، یہ میڈیا کی اختراع ہے، آپ کا کام تڑکا لگانا ہے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اگر عام انتخابات میں ہمیں اکثریت ملی تو پارٹی چیئرمین پنجاب کے وزیرِاعلیٰ کے حوالے سے جو فیصلہ کرے گئی، وہ قبول ہو گا۔ تحریکِ انصاف واحد جماعت ہے جس کی ٹکٹ کے لوگ خواہشمند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت نے اربوں روپے ایسے منصوبوں پر ضائع کئے جو صرف دکھاوے کے ہیں، اگر یہی اربوں روپے صحت اور تعلیم پر لگائے جاتے تو عوام کا فائدہ ہوتا۔ جنوبی پنجاب کو شریفوں نے بنجر کر دیا ہے اور اپنی لندن امریکہ میں جائیدادیں بنائی گئی ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ جو حیثیت پیپلز پارٹی میں ذوالفقار علی بھٹو کی تھی، وہی عمران خان کی تحریکِ انصاف میں ہے جس کارکن کے ہاتھ میں بلا ہے، وہ عمران خان کا نمائندہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگران سیٹ اپ کی آئینی ذمہ داری صاف شفاف الیکشن کرانا ہے، ہم توقع کرتے ہیں الیکشن کمیشن غیر جانبدار ہے، پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر پاک فوج تعینات ہو گی جس سے شفاف الیکشن ہونگے۔ ٹکٹوں کے حوالے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے ٹکٹوں کے معاملے پر کسی کی آراء مختلف ہوں، اب ان سب پر چیئرمین نے فیصلہ کر دیا ہے۔