اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چوہدری کا کہنا ہے ن لیگ انتخابات کے نتائج کو متنازعہ کرنا چاہتی ہے، ن لیگ فوج اور عدلیہ کو نشانہ بنا رہی ہے، ان کے بیانیے کی وجہ سے پاکستان کو نقصان ہوا، اسحاق ڈار اور مفتاح اسماعیل کی وجہ سے معاشی نقصان ہوا ہے۔
ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا نواز شریف کے بیانیے کی وجہ سے ہم ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں آئے، اداروں کیخلاف بیانیہ کا براہ راست نقصان پاکستان کو پہنچا، مسلم لیگ ن کی حکومت کی کوتاہیوں نے مسائل بڑھا دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا پوری قوم الیکشن کے لیے تیار ہے، الیکشن میں تاخیر کوئی سیاسی جماعت قبول نہیں کرے گی، 25 جولائی کو الیکشن کا آئینی تقاضا پورا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی بھرپور طریقے سے انتخابات میں حصہ لے گی، عمران خان کی انتخابی مہم کا پروگرام جاری کر دیا گیا ہے، پی ٹی آئی 25 جولائی کے بعد قومی و صوبائی حکومتیں بنائے گی۔
فواد چودھری کا کہنا تھا فاٹا کے انضمام کی تکمیل ہماری ترجیح ہوگی، جو قبائل احتجاج کر رہے ہیں وہ واپس جا کر پی ٹی آئی کو ووٹ دیں، الیکشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ چاروں صوبوں کے گورنرز کو تبدیل کیا جائے، تیل کی قیمتیں بڑھنے سے غریب عوام کی کمر ٹوٹ گئی، پٹرول مہنگا ہونے کے ذمہ دار نواز شریف ہیں، معاشی بحران کی ذمہ داری نواز شریف پر آتی ہے۔