سرگودھا: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ 1970ء کے بعد قوم کو دوبارہ موقع مل رہا ہے، یہ الیکشن قوم کی تقدیر بدل دے گا۔
سیال شریف میں پیر حمید الدین سیالوی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں پاکستان میں تباہی ہوئی، گزشتہ دورِ حکومت میں پاکستان کے قرضوں میں اضافہ ہوا، بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات مہنگی کر کے عوام پر بوجھ ڈالا گیا، یہ ظلم کا نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات گر گئیں جبکہ ملکی قرضے 27 ہزار ارب تک پہنچ چکے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ لیکن اب آئندہ الیکشن پاکستان کو تبدیل کرسکتا ہے، جو پارٹی بھی کامیاب ہوئی اسے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن جو اصلاحات کرے گا وہی پاکستان کو مسائل سے نکالے گا۔ اگلے پانچ روز میں پارٹی کا منشور پیش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے تین ہفتوں میں مقابلہ ہو گا، کبھی اپنے مخالف کو کمزور مت سمجھیں، یہ الیکشن عام الیکشن نہیں، اس میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جن کو ٹکٹ ملی انہیں خوش آمدید کہتا ہوں لیکن جن کو نہیں ملے ان سے معذرت کرتا ہوں، اپنی طرف سے منصفانہ طریقے سے ٹکٹ دیئے۔