انتخابی مہم پر امیدواروں کے 26 ارب سے زائد اخراجات ہونگے

Last Updated On 04 July,2018 10:45 am

اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا) قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی مجموعی طور پر 9747 جنرل نشستوں پربراہ راست الیکشن پر امیدواروں کے مجموعی اخراجات کا تخمینہ 26 ارب 40 کروڑ 60 لاکھ روپے تک لگایا گیا ہے۔

ملک میں سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر ان انتخابا ت کے سبب 35 ارب روپے سے زائد کی معاشی سرگرمیاں ہونے کی توقع ہے، الیکشن کے باعث مزدوروں اور بے روزگاروں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ امیدواروں کی جانب سے مختلف مزاروں پر لنگر ،غریبوں میں کھانے کی تقسیم اور انتخابی دفاتر میں ووٹرز کی مشروبا ت اور کھانوں سے تواضع کے باعث ان کاروبار سے وابستہ افراد کیلئے معاشی مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

قومی اسمبلی کی نشستوں پر 3459 اور صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر 6288 امیدواروں میں براہ راست مقابلہ ہوگا۔ قومی اسمبلی کے امیدوار کیلئے انتخابی اخراجا ت کی حد 40 لاکھ مقرر ہے اس طرح قومی اسمبلی کے امیدواروں کے اخراجات کا تخمینہ 13 ارب 83 کروڑ 60 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ صوبائی امیدوار کے لیے انتخابی اخراجات کی حد 20 لاکھ روپے مقرر ہے۔ اس طرح چاروں صوبائی اسمبلیوں کے امیدواروں کے مجموعی اخراجات کا تخمینہ 12 ارب 57 کروڑ 60 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔