لاہور ہائیکورٹ: شاہد خاقان نااہلی کیس میں متعلقہ آر او ریکارڈ سمیت طلب

Last Updated On 04 July,2018 01:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے این اے 57 سے شاہد خاقان عباسی کی نااہلی کیس میں کل متعلقہ آر او کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

این اے 57 سے شاہدخاقان عباسی کی نااہلی فیصلے کیخلاف اپیل پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل شاہد خاقان عباسی نے کہا ایپلٹ ٹربیونل کسی کو تاحیات نااہل نہیں کر سکتی، جس پر عدالت نے کہا عباسی صاحب! ہم آپ سے بات کرنا چاہتے ہیں، حکومت کبھی کسی کی تو کبھی کسی اور کی ہوتی ہے، عدالتیں قانون کے مطابق چلتی ہیں، جج کی کرسی پر بیٹھنا اتنا آسان نہیں جتنا نظر آتا ہے، باتیں کرنی بند کر دیں، آپ کی حکومت نہ آئی تو انہی عدالتوں میں آنا ہے، آپ کسی آسٹریلیا کی عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔

لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے پیپلزپارٹی کے ساتھ جو ہوا آفرین ہے ان پر کہ انہوں نے کچھ نہیں کہا، آپ کی بھی اتنی ہی عزت ہے جتنی کسی اور کی، ہمارا کوئی ایجنڈا نہیں ہے، آپ اپنے ایجنڈے پر کام کریں لیکن عدلیہ کے خلاف بیان دینا بند کر دیں، آپ کو معلوم نہیں نواز شریف کو جوتا پڑا، بلاول کے ساتھ کراچی میں کیا ہوا ؟ خواجہ آصف کے منہ پر سیاہی پھینکنے جیسے کئی واقعات ہوئے، سسٹم کو بہتر کرنے کی کوشش کریں، سابق وزیراعظم ہیں، سسٹم کو بچانے کی کوشش کریں، اگرچہ یہ معاملہ متعلقہ نہیں لیکن یہ باتیں کرنا ضروری ہے۔

عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے استفسار کیا نواز شریف کی نااہلی پر آپ نے کہا کہ میرے وزیراعظم ہیں، کیا آپ کو ایسا کہنا چاہیئے تھا۔