جیل جانے کیلئے تیار ہوں: مریم نواز

Last Updated On 04 July,2018 10:53 pm

لندن: (دنیا نیوز) مریم نواز کا کہنا ہے جیل جانے کے لیے تیار ہوں، جب ایسے کام کا جھنڈا اٹھا لیا جو 70 سال میں کسی نے نہیں کیا تو ڈرنا کیا ؟ آخری گیند تک مقابلہ کرنا چاہیئے اور ہم کریں گے۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا والدہ کی کل سرجری ہوئی، جلد ہوش میں آجائیں گی، جس طرح ٹرائل کیا گیا سب کے سامنے ہے، کچھ کہنے کی ضرورت نہیں، 100 کے قریب پیشیاں بھگتیں، اب بھی واپس پاکستان جائیں گے۔

یاد رہے گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف لندن فلیٹس ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کیا، جو 6 جولائی کو سنایا جائے گا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔

امجد پرویز نے حتمی دلائل میں کہا کہ نیب کی جانب سے مریم نواز کے خلاف پیش کی گئی دستاویزات نامکمل، خلاف قانون اور بے بنیاد ہیں، جے آئی ٹی نے جانبداری کا مظاہرہ کیا اور تفتیشی افسر نے مفروضوں پر مقدمہ قائم کیا۔ عدالت نے تمام فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر قرار دیا کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ 6 جولائی کو سنایا جائے گا۔ تینوں ملزمان نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر فیصلے کے دن حاضری یقینی بنائیں۔
 

Advertisement