اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریکِ انصاف نے نیب کے فیصلے کو خلافِ ضابطہ قرار دیدیا، مرکزی ترجمان فواد چودھری کا کہنا ہے کہ قانون کی نظر میں کسی کی گرفتاری مطلوب ہے تو پھر انکار کیوں؟ نیب کا کرپشن میں ملوث افراد کی پچیس جولائی تک گرفتاری نہ کرنے کا فیصلہ قانون سے متصادم ہے۔
تحریکِ انصاف کی جانب سے کرپٹ سیاستدانوں کی گرفتاریاں نہ کرنے کے نیب کے فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ مرکزی ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ نیب کی جانب سے سامنے آنے والا فیصلہ باعث تعجب ہے، کس قانون کے تحت کرپشن جیسے سنگین جرم میں ملوث افراد کو قانون کی گرفت میں لانے سے گریز ممکن ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ نیب ایگزیکٹو بورڈ کا فیصلہ براہِ راست فوجداری قانون سے متصادم ہے۔ قانون کے تحت جس شخص کی گرفتاری مطلوب ہو اسے محض اس لئے کہ وہ الیکشن لڑ رہا ہے، گرفتار نہ کرنا کیسے ممکن ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ سیاست مصلحت کے تابع ہو تو قابل فہم ہے، قانون مصلحت کا شکار ہو جائے تو انارکی جنم لیتی ہے۔ نیب قانون سے متصادم فیصلے پر نظرِ ثانی کرے۔ کرپشن جیسے سنگین جرم میں ملوث افراد سے کسی قسم کی مصلحت یا رعایت کے بغیر نمٹا جائے۔