اسلام آباد پولیس کا عام انتخابات کیلئے سیکورٹی پلان تیار، 7 ہزار اہلکار تعینات ہونگے

Last Updated On 05 July,2018 04:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے عام انتخابات کیلئے سیکورٹی پلان تیار کر لیا، مجموعی طور پر وفاق کے 786 پولنگ سٹیشنز پر7 ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات ہونگے۔

 وفاقی دارالحکومت میں الیکشن 2018 کے دوران پانچ ہزارپولیس اہلکار، 2 ہزاررینجرز، ایف سی، لیڈی پولیس، کوئیک ریسپانس فورس کی نفری ڈیوٹی پر مامور ہوگی۔

25 جولائی کوالیکشن کے عمل کومحفوظ بنانے کیلئے24 جولائی کوسیکورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر انسداد بلوا پولیس کی ٹیمیں بھی ریزرو رکھی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے 53 پولنگ اسٹیشنز کو سپیشل برانچ پہلے ہی حساس قرار دے چکی ہے، رپورٹ کے مطابق حساس قرار دیئے گئے پولنگ اسٹیشنز پر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کی ہنگامہ آرائی میں جانی نقصان خدشہ ہے۔ جس کے پیش نظر اضافی نفری تعینات کی جائے گی، پولیس اور رینجرز کے علاوہ پاک فوج کے تین ہزار جوان اسلام آباد میں الیکشن ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔