لیگی رہنما ظفر علی شاہ تحریکِ انصاف میں شامل

Last Updated On 05 July,2018 11:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما ظفر علی شاہ نے اپنی پارٹی کو خیرباد کہتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی ہے، عمران خان نے کہا ہے کہ وقت ثابت کرے گا کہ ان کا فیصلہ درست تھا۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما ظفر علی شاہ نے تحریکِ انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے، پارٹی چیئرمین عمران خان نے ان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ وقت ثابت کرے گا کہ ان کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ درست تھا۔

ظفر علی شاہ کے ہمراہ کارکنوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں پارلیمنٹ ناکام رہی، اپوزیشن اور حکومت نے مُک مُکا کیا تھا، ملک کے وزیرِاعظم نے اربوں چوری کیے، کسی کا ضمیر نہیں جاگا۔ مسلم لیگ (ن) کے سارے وزیروں کو لندن فلیٹس کا پتہ تھا۔ پاناما کا مسئلہ اسمبلی میں حل ہونا چاہیے تھا لیکن ہمیں سڑکوں پر نکلنا پڑا۔

انہوں نے نیب کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم ملک کو خود ہی بنانا ری پبلک بنا رہے ہیں، قانون کی بالادستی ہونی چاہیے۔ الیکشن سے قبل امیدواروں کی گرفتاری نہ کرنے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ کیا نیب جب باقی کرپٹ لوگوں کو پکڑتی ہے تو انہیں ایسی سہولیات ملتی ہیں، دنیا کے کسی ملک میں ایسا نہیں ہوتا۔

چیئرمین پی ٹی آئنے کہا کہ روپے کی قیمت کم ہونے کی ایک وجہ منی لانڈرنگ ہے، پاکستان میں دس ارب کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے، سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے 300 ارب کا جواب دینا ہے۔