اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریکِ انصاف کے رہنما غلام سرور خان نے چودھری نثار کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ قوم ان کے اثاثوں کے حوالے سے منی ٹریل مانگ رہی ہے، انہوں نے 34 سال نواز شریف کے ساتھ رہنے کے باوجود ان کے ساتھ دغا کیا۔
غلام سرور خان نے چودھری نثار کے بیان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں نے پاکستان کہ بہتری کے لیے پارٹیاں تبدیل کیں لیکن چودھری نثار 34 سال نواز شریف کے ساتھ رہ کر ان کے ساتھ دغا کرتے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چودھری نثار کے ذرائع آمدن کوئی نہیں، پھر بھی ہر سال ان کے اثاثوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ڈیفنس اور چکری میں جائیدادیں بنانے کی منی ٹریل چودھری نثار کو بتانا پڑیں گی، چودھری نثار چار حلقوں سے الیکشن لڑتے ہیں، ملک سے باہر اپنا علاج کرواتے ہیں لیکن ان کا ذرائع آمدن کچھ بھی نہیں، میں نے ان سے منی ٹریل اور ذرائع آمدن پوچھی ہے جس کا جواب دینے کے بجائے لغو باتیں کر رہے ہیں۔
غلام سرور خان نے اپنے بیان میں کہا کہ چودھری نثار ضیاء الحق کی پیداوار ہیں اور انہی کی مرہون منت و سیاست میں آئے، جس طرح قوم نواز شریف سے منی ٹریل مانگ رہی ہے، اسی طرح چودھری نثار کو بھی حساب دینا ہو گا۔ غلام سرور خان نے چودھری نثار کے خلاف نیب سے بھی رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔