مظفر گڑھ: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ان کا مقابلہ کسی سیاستدان سے نہیں بلکہ پسماندگی، بے روزگاری، بھوک اور معاشی ناانصافی سے ہے۔
مظفر گڑھ کے علاقے خان پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کہ جو کے پی نہ بدل سکا وہ ملک بدلنے کا دعویٰ کر رہا ہے، عوام فیصلہ کریں انھیں میٹرو چاہیے یا عوامی مسائل کا حل چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی عوام کی خدمت کی، میں بھی بی بی شہید کا وعدہ مکمل کرنے کیلئے جدوجہد کر رہا ہوں، میرا مقابلہ کسی سیاسی جماعت نہیں بلکہ عوام کی محرومیوں سے ہے، میرا مقابلہ معاشی ناانصافی سے ہے، میں استحصال سے پاک معاشرہ چاہتا ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ معاشی ناانصافی کو دور کرنے کیلئے ذوالفقار بھٹو نے قدم اٹھایا، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب عوام کی خدمت کی، ہم ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔