کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں پارٹیوں کو پوری آزادی ہے، صرف کراچی میں ضابطہ اخلاق پر عمل کرایا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن ایسے حالات پیدا کرے کہ ایم کیو ایم بائیکاٹ نہ کرے۔
متحدہ رہنما فاروق ستار کو انتخابات فکس نظر آنے لگے، سٹی کورٹ کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ انتخابات تو فکسڈ ہیں لیکن کس نے کئے، ان کے پاس ابھی ثبوت نہیں ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایم کیو ایم تمام روایتی نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی، بائیکاٹ کی افواہوں کی تردید کے بجائے ان کا کہنا تھا یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ ایسے اقدامات کرے کہ متحدہ بائیکاٹ نہ کرے۔
متحدہ رہنما نے کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کا مقابلہ ان کے اپنے ہی لوگوں سے ہے، چاہے ان کا تعلق تحریکِ انصاف سے ہو یا پاک سرزمین پارٹی سے، وہ سب ایم کیو ایم سے ہی الگ ہوئے۔