لالہ موسیٰ: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو کا کہنا ہے الیکشن کے بعد ملکر چارٹر آف ڈیموکریسی پر کام کرنا چاہیے، میثاق جمہوریت پر 80 فیصد عملدرآمد ہوا مگر کچھ کام رہ گئے، خان صاحب کی بھول ہے وہ سازش کر کے وزیراعظم بن سکتے ہیں۔
چیئرمین پیپلزپاٹی بلاول بھٹو نے لالہ موسیٰ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب کی سیاست میں نظریاتی بحران ہے، کٹھ پتلی اتحاد بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا لاڈلے کی سیاست سے ملک کو مستقبل میں نقصان ہوگا، عمران خان صاف اور شفاف الیکشن سے کیوں ڈرتے ہیں ؟ وہ جانتے ہیں شفاف الیکشن سے جیت نہیں سکتے، الیکشن سے متعلق کسی قسم کی سازش کامیاب نہیں ہونےدیں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا ہمارے جیالے سازشوں کیخلاف لڑنے کیلئے پر جوش ہیں، پہلے بھی سازشوں کا مقابلہ کیا، آئندہ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کالعدم تنظیموں کا الیکشن لڑنا جمہوریت کی تضحیک ہے، کالعدم تنظیموں کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں دینی چاہیئے، میرا پہلا الیکشن ہے، ابھی پنجاب میں نکلاہوں، بار بار نکلوں گا۔ ان کا کہنا تھا خان صاحب کو مقبولیت کا یقین ہے تو شفاف الیکشن ہونے دیں، پی ٹی آئی اور ن لیگ کی معاشی پالیسی ایک دوسرے کی کاپی ہے۔