راولپنڈی: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی ڈویژن بنچ نے ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ اکیس جولائی تک سنانے کا حکم برقرار رکھتے ہوئے حنیف عباسی کی نظر ثانی اپیل مسترد کر دی، اب شیخ رشید کے مقابلے میں این اے 60 راولپنڈی سے مسلم لیگ نون کے امیدوار حنیف عباسی کی قسمت کا فیصلہ الیکشن سے پہلے ہو گا۔
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی کے ڈویژن بنچ نے حنیف عباسی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سنگل بنچ کے فیصلے میں یہ لکھنا کہ ایفی ڈرین کیس کا فیصلہ فوری طور پر کرنے میں ہماری رضامندی شامل ہے، درست نہیں۔ ہماری استدعا تھی کہ کیس کا فیصلہ عام انتخابات 2018ء کے بعد سنایا جائے لیکن عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصلہ دیا، لہذا سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ تاہم عدالت نے فیصلہ اکیس جولائی تک سنانے کا حکم برقرار رکھتے ہوئے حنیف عباسی کی نظر ثانی اپیل مسترد کر دی۔
دوسری جانب انسداد منشیات کی عدالت میں روزانہ کی بنیاد پر شروع ہونے والی ایفی ڈرین کوٹہ کیس کی سماعت آج بھی جاری رہی۔ حتمی دلائل میں حنیف عباسی کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ ایفی ڈرین کے حاصل کوٹے سے ادویات بنا کر مارکیٹ میں فروخت کیں۔
اے این ایف کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ایفی ڈرین کا کوٹہ سمگلرز کو بیچا گیا۔ پیش کی گئی ڈائی اور گولیوں کے سائز میں واضح فرق ہے۔ کیس کی سماعت کل بھی جاری رہے گی۔