اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان 19 جولائی کو اس معاملے کی سماعت کرے گا، عمران خان کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو انتخابی مہم کے دوران نامناسب زبان استعمال کرنے پر نوٹس جاری کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین کو یہ نوٹس میڈیا میں آنے والی خبروں کی بنیاد پر کیا گیا۔ نوٹس میں عمران خان کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔
مورخہ19 جولائی بروز جمعرات کو الیکشن کمیشن کا چار رکنی بنچ اس معاملے کی سماعت کرے گا۔ یاد رہے کہ عمران خان نے ایک جلسے میں کہا تھا کہ نواز شریف کا استقبال کرنے والے ”گدھے“ ہیں۔
پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران خان انتخابی مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہوں گے اور ان کی جگہ وکیل بابر اعوان کمیشن میں پیش ہو کر چیئرمین تحریکِ انصاف کا موقف پیش کریں گے۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی عوام کو گدھا کہنے پر عمران خان کی نااہلی کے لئے درخواست دائر کر دی گئی تھی۔ درخواست گزار خالد محمود ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے نارووال میں شہریوں کے لئے گدھے کا لفظ استعمال کیا جو کہ پاکستان کے ووٹرز، شہریوں اور پارلیمنٹ کی توہین ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان ہر تقریر میں تضحیک آمیز کلمات ادا کرتے ہیں۔ عمران خان کو آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کے تحت نااہل کیا جائے اور عمران خان کی تقریر براہ راست ٹی وی پر دکھانے پر بھی پابندی لگائی جائے۔ درخواست میں عمران خان، پیمرا اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔