لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیرِاعظم ناصر الملک نے کہا ہے کہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کیلئے متعلقہ اداروں سے ہر سطح پر تعاون کیا جا رہا ہے۔
نگران وزیرِاعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے گورنر ہاؤس میں نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی قیادت میں صوبائی وزرا نے ملاقات کی۔
ملاقات میں انتخابات کے انتظامات اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِاعظم نے کہا کہ خوشی ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت پیشہ ورانہ اور نیوٹر ل انداز میں فرائض سرانجام دے رہی ہے۔ نگران پنجاب حکومت کی جانب سے عام انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اچھے انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ایک ٹیم کے طور پر کام کرکے منصفانہ الیکشن کرانے کی ذمہ داری ادا کرنی ہے۔
اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھا کہ نگران پنجاب حکومت کی پوری توجہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات پر مرکوز ہے۔ پنجاب کی انتظامیہ اور پولیس مکمل طور پر غیر جانبدار ہیں۔