پشاور: (دنیا نیوز) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تمام مشکل حالات کے باوجود ہماری انتخابی مہم جاری ہے، پنجاب میں نگران حکومت پی ٹی آئی کے احکامات پر عمل کر رہی ہے، الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا چار پانچ دنوں میں عمران خان کے تمام جلسے فلاپ ہو گئے، کل لاہور کی ریلی میں گنتی کے چند لوگ تھے، عمران خان دراصل بہتان خان ہیں۔ انہوں نے کہا پنجاب کی نگران حکومت اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں، ہماری ریلی کے شرکا پر دہشت گردی کی دفعات لگا دی گئیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا نیب کے دباؤ کی وجہ سے ہمارے الیکٹ ایبلز ٹوٹ گئے، جگہ جگہ نیب کا دباؤ ہے، نواز لیگ کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہوا نواز لیگ کے حق میں چل رہی ہے، صاف و شفاف الیکشن ہی ترقی کا راز ہے، اگلے پانچ سال میں پاکستان کو ترکی اور ملائیشیا کی سطح پر لے آئیں گے۔
صدر مسلم لیگ نون نے مزید کہا کہ دہشت گردی پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی ختم کرنے کے لئے آخری حد تک جانا ہو گا۔ انہوں نے کہا نواز شریف کی آمد پر سیکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، ان کی آمد پر پورا شہر امڈ آیا، سڑکوں پر جگہ نہیں تھی۔
بعد ازاں مینگورہ اور سوات میں خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پختونوں کے ساتھ میں دل سے محبت کرتا ہوں، میں پہلے پختون اور بعد میں پنجابی ہوں، مجھے موقع ملا تو کے پی کے کو پنجاب اور سوات کو لاہور بناؤں گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے صوبے کیلئے 300 ارب کا قرضہ لیا لیکن خیبر پختونخوا کا بیٹرا غرق کر دیا، انہوں نے ایک ارب درخت لگانے کا جھوٹ بولا، چیئرمین پی ٹی آئی نے کرپشن ختم کرنے کا دعویٰ کیا مگر پشاور میٹرو بس کا ٹھیکہ بلیک لسٹ کمپنی کو دیدیا۔
انہوں نے عوام سے وعدہ کیا کہ اگر ن لیگ کو دوبارہ اقتدار ملا تو ہم سوات، مینگورہ اور ملاکنڈ کو تمام سہولتیں دیں گے، پانی کی قلت پر قابو پانے کیلئے خیبر پختونخوا میں ہزاروں چھوٹے ڈیمز بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پورے ملک کو بجلی دینے کا وعدہ کیا لیکن اپنے دور میں ایک میگاواٹ بجلی پیدا نہیں کی، جبکہ دوسری جانب ن لیگ دور میں 11 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی گئی۔