اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نون لیگ اور پیپلزپارٹی کو اپنی سیاہ کاریوں کے باعث الیکشن میں شکست ہوئی، اسٹیٹس کو کی جماعتوں نے نوشتہ دیوار پڑھ کر ہی دھاندلی کا شور شروع کر دیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ نون لیگ اور مخصوص عناصر فوج کو انتخابات میں گھسیٹ رہے ہیں، الیکشن میں بڑا مقابلہ تحریک انصاف اور نون لیگ کے درمیان ہوگا، تحریک انصاف کی محنت کا مقصد پاکستان کو زوال سے نکال کر عروج کی طرف لے جانا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاناما مقدمے نے عوام میں کرپشن کیخلاف بے پناہ شعور اجاگر کیا، آج قوم کا بچہ بچہ سمجھ چکا ہے کہ کرپشن کیسے ان کی زندگیاں متاثر کرتی ہے، قوم جان گئی ہے کہ کرپشن کے ہوتے ہوئے انسانوں کی ترقی کیلئے وسائل دستیاب نہیں ہوں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں اصلاحات کیلئے واضح اور فیصلہ کن مینڈیٹ نہایت اہم ہے۔ شریفوں کی نون لیگ اور آصف زرداری کی پیپلز پارٹی سے تحریک انصاف کا اتحاد ممکن نہیں، اگر تحریک انصاف نے دونوں جماعتوں سے ہاتھ ملا لیا تو پھر ساری جدوجہد اور اقتدار میں آنے کا مقصد فوت ہو جائے گا۔