گجرات: (دنیا نیوز) انتخابی گہما گہمی میں گجرات کے حلقے سے ایک ایسے امیدوار بھی میدان میں ہیں جو دن بھر چائے بیچتے ہیں اور شام کو علاقہ بھر میں اپنی کمپین بھی چلاتے ہیں، انہیں یقین ہے کہ اگر عوام نے ان کو موقع دیا تو وہ ہر پلیٹ فارم پر غریبوں کی آواز اٹھائیں گے اور انہیں جائز حق دلانے کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔
گجرات کے چائے فروش لطیف ملک قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 69 سے ق لیگ کے چودھری پرویز الہیٰ، ن لیگ کے چودھری مبشر حسین اور پیپلز پارٹی کی وزیر النساء ایڈوکیٹ سمیت 13 امیدواروں کے مقابلے میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔
آنکھوں میں اپنی جیت کے خواب سجائے لطیف ملک صبح سویرے دودھ کے برتن تھامے گھر سے نکلتا ہے تو اپنے منشور پر مبنی پمفلٹ بھی تقسیم کرتے جاتے ہیں۔
اہل علاقہ سے خطاب کیلئے ساؤنڈ سسٹم کے بغیر ہی اپنی گرج دار آواز سے ہر کسی کو اپنی جانب متوجہ کر لیتے ہیں۔ لطیف کو الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نشان ”پسٹل“ الاٹ کیا گیا ہے۔
وہ جہاں بھی جاتے ہیں لوگ پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اور مالائیں پہنا کر والہانہ استقبال کرتے ہوئے ان کا حوصلہ بڑھاتے ہیں۔ ان کے مخصوص طرزِ خطاب کا ہر کوئی معترف ہے، علاقے کے لوگوں کو یقین ہے کہ لطیف ملک جیسا غریب امیدوار ہی ان کے دکھ درد اورمسائل حل کر سکتا ہے۔