کراچی: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ جمہوری لوگوں سے نہیں بلکہ مافیاز سے ہے، میثاقِ جمہوریت کے نام پر ملک میں نورا کشتی کھیلی گئی اور پیسہ باہر لے جایا گیا۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے میثاقِ جمہوریت کو ”کرپشن چارٹر“ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اس کے نام پر نورا کشتی کھیلی گئی۔ ہمارا مقابلہ جمہوری لوگوں سے نہیں بلکہ ایسے مافیاز سے ہے جو منی لانڈرنگ کر کے ملک کا پیسہ باہر لے کر جاتے تھے۔ نواز شریف کو گاڈ فادر کہنے پر سپریم کورٹ کو داد دیتا ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سندھ میں زرداری مافیا کا راج جبکہ پنجاب میں شریف خاندان کا قبضہ تھا، انہی لوگوں نے پیسہ باہر لے جا کر ملک کو مقروض کیا۔ دس سال کے بعد پاکستان کا حال دیکھ لیں، پہلے قرضہ 6 ہزار اور اب 28 ہزار ارب تک پہنچ گیا ہے، جو پیسہ اکھٹا ہوتا ہے وہ چوری اور کرپشن کی نظر ہو جاتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ نائن الیون میں کوئی پاکستانی ملوث نہیں تھا لیکن ایک حکمران نے کسی اور کی جنگ میں شرکت کا فیصلہ کیا، کسی اور ملک کی جنگ کی وجہ سے پاکستان میں تباہی آئی، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے 70 ہزار جانوں کی قربانی دی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگ آج بھی کسی اور کی جنگ کا نشانہ بن رہے ہیں۔ اکرام گنڈا پور ہمارے وزیر تھے، انہیں ایک خود کش حملے میں شہید کیا گیا، آج سے پانچ سال پہلے ان کے بھائی کو بھی خود کش حملے میں شہید کیا گیا تھا۔
عمران خان نے اعلان کیا کہ موقع ملا تو آزادنہ خارجہ پالیسی بناؤں گا، ہم کسی اور کی جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے، اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو پاکستان کسی اور ملک کیلئے استعمال نہیں ہو گا۔
عمران خان نے کراچی اور اندرونِ سندھ کی عوام سے پارٹی کو زیادہ فعال نہ کرنے پر معافی مانگی اور کہا کہ شہرِ قائد کے لوگ ملک میں سب سے زیادہ باشعور ہیں، یہیں سے ملک کی سیاسی تحریکوں کا آغاز ہوتا تھا، اب یہاں پارٹی کو زیادہ مضبوط کریں گے۔