اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد حسین کی جانب سے لکھے گئے خط میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ لیگی ورکروں کو پی ٹی آئی امیدواروں کی حمایت کا کہا جا رہا ہے۔
سید مشاہد حسین کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو لکھے گئے خط میں الزام لگایا گیا ہے کہ آئندہ انتخابات سے قبل ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ فیصل آباد میں سرکاری نمبر پلیٹ کی گاڑی پی ٹی آئی امیدوار کی مہم میں شریک نظر آئی جبکہ راولپنڈی میں بلدیاتی حکومت کا ٹرک مسلم لیگ (ن) کے بینرز اور پوسٹرز اتارتے ہوئے پایا گیا، کسی دوسری پارٹی کے بینرز یا پوسٹرز کو نہیں چھیڑا گیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ رینالہ خورد اکاڑہ میں خفیہ ادارے کے اہلکاروں نے (ن) لیگ کے ورکروں کو پارٹی حمایت سے روکا اور کارکنوں کو پی ٹی آئی کے امیدواروں کی حمایت کرنے کو کہا۔