لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں عام انتخابات 2018 کے لئے انتخابی سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے، مختلف حلقوں میں ریٹرننگ آفیسر اور فوج کی زیر نگرانی سامان عملے کے حوالے کیا جا رہا ہے، عملے کو پولنگ اسٹیشن تک لیجانے کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی موجود ہے، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
ملک بھر میں عام انتخابات 2018 کے حوالے سے بر وقت ووٹنگ کے لئے پولنگ کا سامان آر اوز کو بھجوایا گیا۔ الیکشن کمیشن نے 2 لاکھ 2 ہزار 239 بیلیٹ باکسز آر اوز کو بھجوا دیئے۔ قومی اسمبلی کا سبز ڈھکن والا جبکہ صوبائی اسمبلی کے لیے سفید ڈھکن والے بیلیٹ باکس بھجوائے گئے ہیں۔
ووٹرز کی رازداری اور باپردہ خواتین کے لئے 3 لاکھ 54 ہزار 430 کمپارٹمنٹ سکرینیں بھی آر اوز کو بھجوا ئی گئی ہیں، اس کے علاوہ 6 لاکھ 35 ہزار 569 نائیلون کے سٹیمپس بھی آر اوز کے حوالے کی گئی ہیں۔ 53 ہزار 86 سیلیز اور 7 لاکھ 57 ہزار 635 ٹیمپر ایویڈنٹ بیگ بھیجنے کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
25 لاکھ 50 ہزار 436 پلاسٹک سیلز، 90 ہزار اسٹیشنری پیکٹس بھی آر اوز کے حوالے کئے جا چکے ہیں۔ 7 لاکھ 70 ہزار 860 مارکنگ پیڈ ربڑ سٹیمپ بھی آر اوز کو پہنچانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 4 لاکھ 39 ہزار 60 انمٹ سیاہی کی وائلز بھی بھجوا دی گئی ہیں۔
ادھر چھوٹے بڑے شہروں کو آر اوز کی جانب سے پولنگ سامان کی تر سیل جاری ہے۔ سامان ترسیل کرنے والی گاڑیوں کو مخصوص سٹیکر فراہم گئے ہیں۔ فوج کے جوان پولنگ اسٹیشنز پر سامان کی حفاظت کریں گے۔ پریذائڈنگ آفیسر سمیت فوج کے جوان اور دیگر سکیورٹی اہلکار رات پولنگ اسٹیشن پر ہی قیام کریں گے۔
یاد رہے پارلیمنٹ کی 272 میں سے 270 نشستوں پر امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، ملک بھر میں 85 ہزار 252 پولنگ اسٹیشن جبکہ 2 لاکھ 41 ہزار 132 پولنگ بوتھ قائم کئے گے ہیں۔ جس میں سے 17 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا، 70 پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 افراد حق رائے دہی استعمال کرینگے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 92 لاکھ 24 ہزار 263 اور خواتین ووٹرزکی تعداد 4 کروڑ 67 لاکھ 31 ہزار 146ہے۔ عام انتخابات کیلئے پنجاب کی 141، سندھ کی 61، خیبرپختونخوا کی 39، بلوچستان کی 16، فاٹا کی 11 اور اسلام آباد کی 3 نشستوں پر مقابلہ ہوگا۔
انتخابات میں تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سمیت کل 122 سیاسی و مذہبی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں، قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے 3675 امیدوار میدان میں ہیں۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں فوج اور پولیس سمیت 8 لاکھ اہلکا ربھی فرائض انجام دینگے۔