پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں انتخابی عملے میں انتخابی مواد کی تقسیم، انتخابی مواد لے جانے کیلئے الگ سے بندوبست نہ ہونے پر خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ناقص انتظامات کے باعث بچوں کے ساتھ آئی خواتین پریذائڈنگ افسر در بدر ہوگئیں۔
نشتر ہال پشاور میں انتخابی عملے کی جانب سے پریذائڈنگ اور اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسروں میں انتخابی مواد تقسیم کیا گیا۔ انتخابی مواد کی تقسیم کی نگرانی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کر رہے تھے۔ پاک فوج اور پولیس کے جوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انتخابی مواد لینے والوں میں خواتین پریذائڈنگ افسر بھی شامل تھیں، جن میں سے بعض بچوں کے ساتھ آئی تھیں۔ ناقص انتظامات کی وجہ سے ان خواتین کو انتخابی مواد کی حصولی میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
کچھ ایسی ہی صورتحال پولیس اہلکاروں کی بھی رہی جنہیں یہ تک نہیں بتایا گیا کہ انتخابی مواد لے کر کہاں جانا ہے؟ انتخابات کیلئے میٹریل کی فراہمی کا عمل شام تک جاری رہا جبکہ اس دوران جیل روڈ پر ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے وارڈن کو تعینات کیا گیا۔