لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن 2018ء میں ہر جماعت کی جانب سے جیت کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔ قومی اسمبلی کے متعدد حلقوں میں زور کا جوڑ پڑنے کا امکان ظاہر ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان قومی اسمبلی کے پانچ حلقوں میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔ این اے 131 لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا سامنا ن لیگ کے سعد رفیق سے ہو گا۔ این اے 53 اسلام آباد میں سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی اور عمران خان میں زور کا جوڑ پڑے گا۔
ن لیگ کے صدر شہباز شریف چار حلقوں میں انتخابی امیدوار ہیں، ان کا بڑا مقابلہ این اے 249 کراچی میں تحریکِ انصاف کے فیصل واوڈا سے ہے۔ بلاول بھٹو تین حلقوں میں انتخابی امیدوار ہیں۔ این اے 200 لاڑکانہ میں بلاول بھٹو کا ایم ایم اے کے راشد محمود سومرو سے دلچسپ انتخابی معرکہ متوقع ہے۔
این اے 213 نواب شاہ میں سابق صدر آصف زرداری اور جی ڈی اے کے شیر محمد رند میں انتخابی میدان میں ہیں۔ این اے 38 میں مولانا فضل الرحمان کا پی ٹی آئی کے علی امین گنڈا پور میں انتخابی میچ ہو گا۔
این اے 24 میں اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی کا انتخابی معرکہ ایم ایم اے کے مولانا گوہر شاہ سے ہو گا۔ این اے 25 نوشہرہ میں سابق وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا ن لیگ کے سراج محمد خان کے ساتھ معرکہ ہو گا۔
این اے 129 لاہور میں تحریکِ انصاف کے عبدالعلیم خان اور ن لیگ کے ایاز صادق میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ این اے 59 راولپنڈی میں آزاد امیدوار چودھری نثار اور ن لیگ کے قمرالاسلام راجہ میں مقابلہ ہے۔ این اے 63 میں چودھری نثار اور پی ٹی آئی کے غلام سرور خان مدِمقابل ہیں۔
این اے 78 نارروال میں پی ٹی آئی کے ابرار الحق اور ن لیگ کے احسن اقبال میں دلچسپ مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ این اے 244 کراچی میں سابق وزیر مفتاح اسماعیل اور ایم کیو ایم پاکستان کے رؤف صدیقی میں جوڑ ہے۔
این اے 247 کراچی میں ایم کیو ایم کے فاروق ستار اور پی ٹی آئی کے عارف علوی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ این اے 244 کراچی میں فاروق ستار اور پی ٹی آئی کے عامر لیاقت حسین میں انتخابی معرکہ ہے۔
این اے 253 کراچی میں پی ایس پی کے مصطفیٰ کمال ایم کیو ایم کے اسامہ قادری کے ساتھ مدِمقابل ہیں۔ این اے 62 راولپنڈی میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور ن لیگ کے بیرسٹر دانیال چودھری میں کانٹے کا مقابلہ ہو گا۔
این اے 102 فیصل آباد میں ن لیگ کے طلال چودھری اور پی ٹی آئی کے نواب شیر وسیر انتخابی اکھاڑے میں ہیں۔ این اے 106 فیصل آباد میں ن لیگ کے رانا ثنا اللہ، پی ٹی آئی کے ڈاکٹر نثار جٹ کا سامنا کریں گے۔
این اے 108 فیصل آباد میں ن لیگ کے عابد شیر علی کا مقابلہ پی ٹی آئی کے فرخ حبیب سے ہے۔ این اے 65 چکوال سے ق لیگ کے پرویز الہیٰ اور ن لیگ کے فیض ٹمن میدان میں ہیں۔
این اے 156 ملتان میں پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی اور ن لیگ کے عامر سعید انصاری مدِمقابل ہیں۔ این اے 158 ملتان میں سابق وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی اور ن لیگ کے جاوید شاہ میں انتخابی میچ ہو گا۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 73 سیالکوٹ سے عثمان ڈار اور خواجہ آصف داؤ پیچ آزمائیں گے۔