اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ ریٹرننگ افسران رزلٹ منیجمنٹ سسٹم کے تحت ہی رزلٹ ارسال کریں گے، انتخابی نتائج کو پی ٹی وی کے ذریعے شیئر کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں عام انتخابات 2018ء کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ پولنگ کا وقت چھ بجے تک ہے، میڈیا 7 بجے تک رزلٹ کا اعلان نہیں کر سکے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ایس ایم ایس سروس کو ڈیڑھ کروڑ لوگ استعمال کر چکے ہیں۔ کل ریٹرننگ افسران رزلٹ منیجمنٹ سسٹم کے تحت ہی رزلٹ ارسال کریں گے اور انتخابی نتائج کو پی ٹی وی کے ذریعے شیئر کیا جائے گا، عوام سوشل میڈیا پر دھیان نہ دیں۔
بابر یعقوب نے کہا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہو رہے ہیں، عوام بھرپور طریقے سے اپنا ووٹ کاسٹ کریں، توقع کرتے ہیں کل ٹرن آؤٹ بھی زیادہ ہو گا اور قوم جمہوریت کا جشن منائے گی۔
لاہور کے علاقے شفیق آباد کے نالے سے شناختی کارڈز ملنے کے پراسرا معاملے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نادرا حکام کے مطابق سارے کارڈ زائد المعیاد تھے، تاہم چیئرمین نادار نے تحقیقات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔