لاہور (دنیا نیوز ) ملک بھر میں مختلف مقامات پر پولنگ کا عمل تاخیر سے شروع ہوا جس کی وجہ سے ووٹرز بروقت ووٹ کاسٹ نہیں کرسکے ۔
تفصیلات کے مطابق نگران حکومت کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ پولنگ کا عمل ہر صورت صبح 8 بجے شروع کیا جائے مگر الیکشن کمیشن کی جانب سے بدانتظامی کی وجہ سے مختلف مقامات پر پولنگ کے انتظامات بروقت مکمل نہ ہوسکے اور پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی۔
پشاور کے حلقے این اے 29 حاجی بانڈہ پولنگ سٹیشن میں بھی پولنگ کا عملہ بروقت نہ پہنچا جس کی وجہ سے پولنگ شروع ہونے میں تاخیر ہوئی۔ اس موقع پر درجنوں ووٹرز قطاروں میں کھڑے پولنگ سٹیشنز کے اندر جانے کا انتظار کرتے رہے۔ فیصل آباد کے حلقے این اے 108 کے پولنگ سٹیشن 262 میں پولنگ ایجنٹ کے موجود نہ ہونے کی وجہ سے پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار رہا ۔
این اے 58 پولنگ نمبر 325 ، این اے 239 پی ایس 93 ، این اے 246 اور این اے 129 پولنگ نمبر 15 میں بھی کچھ اسی قسم کی صورتحال کا سامنا رہا اور کہیں پولنگ ایجنٹ وقت پر نہ پہنچ سکے اور کہیں دیگر انتظامات ادھورے رہ جانے کی وجہ سے پولنگ کے عمل میں تاخیر ہوئی۔ پولنگ کے آغاز میں تاخیر پر کئی مقامات پر ووٹرز اور پولنگ سٹیشن کے عملے میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔