اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔
پولنگ کا وقت بڑھانے سے متعلق الیکشن کمیشن کا جائزہ ہوا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے کی۔ اس موقع پر پولنگ کا وقت بڑھانے کے مطالبے پر غور کیا گیا اور چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز سے رائے مانگی گئی۔
دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی معمول سے ہٹ کر ایک گھنٹہ اضافی پولنگ کیلئے وقت دیا جا چکا ہے، مقررہ وقت کے بعد کسی کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پولنگ سٹیشنز کی قطار کے اندر کوئی شخص بھی داخل نہیں ہو سکے گا تاہم اندر موجود شہری اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ، پی پی اور شیخ رشید کا پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھانے کا مطالبہ
خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ پورے ملک میں اس وقت ووٹرز کی بڑی تعداد موجود ہے لیکن پولنگ عملہ کی رفتار سست ہے، پولنگ عملے کو کام تیز کرنے کی ہدایت کی جائے اور شہریوں کی سہولت کے کیلئے اضافی وقت دیا جائے۔