لاہور: (دنیا نیوز) سیکرٹری الیکشن کمیشن نے نون لیگ اور دیگر جماعتوں کے الزامات مسترد کر دیے، بابر یعقوب نے کہا کہ ڈی آر او لاہور نے کہا ہے کہ بتایا جائے کہاں سے فارم 45 نہیں ملے، کراچی میں بھی چیک کیا ہے، کہیں کوئی گڑبڑ نہیں ہو رہی، فارم 45 کی کوئی کمی نہیں ہے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بتایا جائے کہ کس آر او نے نتیجہ نہیں دیا، میں خود اس کے خلاف ایکشن لوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ فارم 45 کی کمی ہے اور نہ ہی کہیں فارم 45 روکے جا رہے ہیں، البتہ کچھ امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کے حوالے سے شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ جن امیدواروں کے نتیجے اچھے نہیں آ رہے تو ان کے پولنگ ایجنٹس بغیر نتیجہ لیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے فارم 45 کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے الزامات مسترد کر دیے اور کہا کہ اگر کسی کو شکایت ہے تو آگاہ کیا جائے اس کا آزالہ کیا جائے گا۔پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالے جانے کے حوالے سے بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ ایک کے بجائے دو پولنگ ایجنٹس آ جاتے ہیں تو پھر وہاں سے ایک پولنگ ایجنٹ کو نکالا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم ایم اے، اے این پی، تحریک لبیک پاکستان اور ایم کیو ایم سمیت 8 سیاسی جماعتوں نے فارم 45 نہ دینے اور پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشنز سے باہر نکالے جانے کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔