کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی جماعتوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ الیکشن میں مبینہ دھاندلی کیخلاف پارلیمنٹ کا فلور استعمال کریں۔
پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم الیکشن نتائج کو مسترد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہیں، شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی لیکن یہ قومی ادارہ اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔
بلاول بھٹو زرداری نے آل پارٹیز کانفرنس کی جانب سے حلف نہ اٹھانے کی تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے دیگر جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے جمہوری طریقہ اختیار کریں اور پارلیمنٹ کا فلور نہ چھوڑیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ دیگر جماعتوں کو بھی الیکشن کے نتائج پر اعتراضات ہیں، میں ان سب سے اس معاملے میں رابطہ کروں گا اور پارلیمان میں جا کر اسے آگے لے کر جاؤں گا۔