لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر کے مختلف حلقوں میں ہارنے والے امیدواروں کی درخواستوں پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل جاری، این اے 131 میں سعد رفیق کی درخواست پر دوبارہ ووٹوں کی گنتی ہوئی، سعد رفیق دوبارہ گنتی کروا کر بھی ہار گئے۔
این اے 131 سے سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کامیابی حاصل کی تھی جنہوں نے 84 ہزار 313 ووٹ حاصل کیے جبکہ سابق وفاقی وزیر و رہنماء مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق 83 ہزار 634 ووٹ لیکر ناکام رہے۔ سعد رفیق کی درخواست پر ان کے حلقے این اے 131 میں ووٹوں کی گنتی دوبارہ کی گئی، ریٹرننگ افسر اختر بھنگو نے بتایا کہ 242 بیلٹ باکس کی گنتی مکمل ہونے پر خواجہ سعد رفیق 242 پولنگ سٹیشنز سے صرف 125 وٹوں کی برتری حاصل کرسکے جبکہ عمران خان کے 50 ووٹوں میں بھی اضافہ ہوا۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ہمارے 125 ووٹوں میں اضافہ ہوا ہے، 2835 مسترد ووٹوں میں 200 سے زائد ووٹ مان لیے گیے ہیں۔ عمران خان کے وکلاء بیلٹ پیپرز پر اعتراض کر رہے ہیں اور عمران خان کی برتری تھوڑی سی رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود کہا تھا کہ انہیں کوئی بھی حلقہ کھلوانے پر اعتراض نہیں، الیکشن جیسے بھی ہوئے عمران خان وزیرا عظم بننے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق دوبارہ گنتی کے عمل میں خود شریک ہوئے جبکہ عمران خان کی جانب سے شعیب صدیقی، عرفان علوی اور راجہ شبیر شامل تھے۔