کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 اور 247 میں دوبارہ گنتی کروانے کے لئے الیکشن کو درخواست جمع کروا دی۔
فاروق ستار نے الزام عائد کیا ہے کہ ہم شام تک بھاری اکثریت سے الیکشن جیت رہے تھے لیکن راتوں رات نتائج تبدیل کر دیئے گئے۔
عام انتخابات میں تحریکِ انصاف کے ہاتھوں ایم کیو ایم پاکستان کو بدترین شکست کے بعد فاروق ستار نے ہار نہ ماننے کا اعلان کرتے ہوئے دھاندلی کا شور مچانا شروع کر دیا ہے اور الیکشن کمیشن کا دروازہ کھٹکھٹا دیا ہے۔
فاروق ستار نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 اور 247 میں دوبارہ گنتی کروانے کے لیے الیکشن کمیشن کو درخواست جمع کروا دی ہے۔ انہوں نے درخواست میں مواقف اپنایا ہے کہ ہمارے چیف پولنگ ایجنٹ اور پولنگ ایجنٹ کو فارم 45 فراہم نہیں کیا گیا، گنتی کے وقت ہمارے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشن سے باہر نکال دیا گیا۔
فاروق ستار نے اصل نتائج کو راتوں کو رات تبدیل کرنے کا الزام بھی لگاتے ہوئے کہا کہ شفاف الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، چیف الیکشن کمشنر شکایات کا نوٹس لیں اور دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا حکم دیں۔