اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے سابق وزرائے اعظم شاہد خاقان عباسی اور یوسف رضا گیلانی سمیت 26 امیدواروں کی دوباری گنتی کی درخواستیں منظور کر لیں جبکہ 32 کی درخواستیں نامنظور کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقوں میں دوبارہ گنتی کی اجازت دیدی ہے۔ شاہد خاقان عباسی، یوسف رضا گیلانی، ایاز صادق اور اویس لغاری سمیت 26 امیدواروں کی درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں۔ تاہم اکرم درانی، منظور وٹو، تہمینہ دولتانہ، فرید طوفان اور میاں افتخار حسین سمیت 32 امیدواروں کی درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے جن حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواستیں منظور کی ہیں ان میں قومی اسمبلی کے 14، پنجاب اسمبلی 6، کے پی کے 3 اور سندھ اسمبلی کی ایک نشست شامل ہے۔
مسلم لیگ ن کے راجا اشفاق سرور، شذرا منصب علی خان، رانا حیات، رانا محمد افضل، بلیغ الرحمان اور رانا افضال کے حلقوں میں دوبارہ گنتی ہو گی۔
قومی اسمبلی کے 8، پنجاب اسمبلی 26، کے پی کے 17 اور سندھ اسمبلی کے ایک حلقہ میں دوبارہ گنتی کی درخواست منظور نہیں کی گئی۔ جن امیدواروں کی درخواستیں مسترد کی گئیں ان میں پی ٹی آئی کے بلال ورک، طالب نکئی، پیپلز پارٹی کے خواجہ غلام رسول کوریجہ، مسلم لیگ ن کے میر بادشاہ قیصرانی، رانا اقبال سراج اور صدیق بلوچ بھی شامل ہیں۔